ریاض: سعودی عرب نے بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی خاتون رہنماءکی جانب سے نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی حکمران انتہاپسند قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ترجمان کے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پرمبنی بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تمام مذہبی شخصیات اورشعائر سے متعصبانہ روئیے کو مسترد کرتا ہے اورتمام مذاہب کے احترام پرزوردیتا ہے۔
حرمین شریفین کے امورکے نگراں ادارے کے صدر اورامام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے بی جے پی کی رہنما کی نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایسے گھناو¿نے بیانات مذاہب کے عدم احترام کی مثال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات دینے والوں نے نبی کریم ﷺ کی سیرت کا مطالعہ نہیں کیا ہے۔ آپ ﷺ سب سے افضل، انسانیت کا نوراور تمام جہانوں کیلئے رحمت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ہمارا موقف واضح ہے، سعودی عرب تمام مذاہب اورعقائد کے احترام، امن کے پیغام کو عام کرنے اسلامی شعائرکی توہین نہ کرنے پریقین رکھتا ہے۔