اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے تمام اہداف پورے کر لئے ہیں جس کے باعث پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کے اجلاس کیلئے متعلقہ امور کی نگرانی وزارت خارجہ کے سپرد کردی گئی ہے جس کے بعد وزارت خارجہ نے اس ضمن میں محتاط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کا 4روزہ اجلاس 13 سے 17 جون تک برلن میں ہو گا اور سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متعلقہ امور 15 اور 16 جون کو پلینری سیشن میں زیر غور آئیں گے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے حنا ربانی کھر وفد کے ہمراہ برلن جائیں گی۔
ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس سے پاکستان کیلئے اچھی خبر سامنے آنے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان نے گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں واپسی کے تمام اہداف پورے کر لئے ہیں۔