پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے پشاور میں زبردستی بجلی بحال کرادی ، مقدمہ کی درخواست

06:23 PM, 6 Jun, 2021

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر زبردستی بجلی بحال کرانے پر  پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی ۔ 

پیسکو حکام نے تھانہ بھانہ ماڑی میں ایف آئی آر کیلئے درخواست دی  ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایم پی اے نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکررہائشی فیڈرکا لوڈ کمرشل فیڈرپر ڈال دیا۔  درخواست میں کہا گیا ہے کہ کمرشل فیڈ پر لوڈ کم کرنے کیلئے پیسکو اہلکار کو نہیں چھوڑا گیا۔

درخواست کے مطابق ایم پی اے نے 400 افراد کے ساتھ گرڈ اسٹیشن کے ساتھ رنگ روڈ کو بند کیا اور رکن صوبائی اسمبلی نے علاقہ مکینوں کو پیسکو کے خلاف ورغلایا۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم پی اے فضل الٰہی سمیت 25 افراد پر مقدمہ درج کیا جائے۔

پیسکو حکام کے مطابق درخواست کے باوجود ایم پی اے کےخلاف ایف آئی آر تاحال درج نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاورمیں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فضل الٰہی نے لوڈشیڈنگ کے دوران رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی بحال کرادی تھی۔

مزیدخبریں