ویکسی نیشن کرائیں گے تو کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں گی: مراد علی شاہ

ویکسی نیشن کرائیں گے تو کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں گی: مراد علی شاہ
کیپشن: ویکسی نیشن کرائیں گے تو کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں گی: مراد علی شاہ
سورس: file

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم ریڈ لسٹ میں اس لیے شامل ہیں کیونکہ ہمارے یہاں ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے۔ویکسی نیشن کرائیں گے تو کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں گی۔

کراچی میں نجی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے عوام کو ویکسینیشن کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن کرائیں تاکہ ہم دوبارہ نارمل زندگی کی جانب لوٹ سکیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ویکسی نیشن میں سب کا فائدہ ہے جس کی بدولت کاروباری سرگرمیاں بحال ہوسکیں گی۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں ویکسینیشن کی دونوں ڈوز لے چکا ہوں لیکن اس کے باوجود ماسک پہنتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ویکسینیشن لگانے کے بعد بھی کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد ضرور کریں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کہا کہ وہ حکومت کے سفیر بن کر لوگوں کے پاس جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگوائیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں شہریوں کی تکالیف کا اندازہ ہے اور اس پر معذرت بھی کرتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر اسکول کھولنا ہیں تو تمام اساتذہ کو ویکسینیشن لگانا ضروری ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جو سرکاری ملازمین ویکسین نہیں لگائیں گے ان کی تنخواہیں روکیں گے جبکہ محکمہ پولیس کے 75 فیصد افراد کو ویکسینیشن کرائی جا چکی ہے۔ اہل کراچی کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کی مدد کریں تاکہ جلد از جلد بحالی کی طرف جائیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ روز 13 ہزار 536 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 722 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس وقت صوبے میں کورونا کے 23 ہزار 682 مریض زیر علاج ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ سندھ کے 859 کورونا کے مریضوں کی حالات تشویشناک ہے جبکہ 81 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے 22 ہزار 741 مریض گھروں، 25 آئسولیشن سینٹر اور 916 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔