لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے ویکسین سے متعلق تمام افواہوں کو من گھڑت قرار دے دیا۔ عوام سے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی اپیل کر دی۔
لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کی شرح کم ہو کر 2 فیصد تک آ گئی ہے ۔ خانیوال میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 جبکہ وہاڑی میں 10 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رات آٹھ بجے کاروبار بند کرنے کی پابندی برقرار ہے۔ ان ڈور شادیوں پر بھی پابندی ہے۔ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ اپنانے سے ہی وبا کا خاتمہ ممکن ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ساری دنیا میں لوگ ویکسین لگوا رہے ہیں ۔ پاکستان میں بھی ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرایا گیا ہے ۔ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو ویکسین لگا چکے ہیں ۔ ہمارے پاس 18 لاکھ خوراک کا اسٹاک موجود ہے۔مزید 30 لاکھ خوراک کا اسٹاک آئندہ چند روز میں مل جائے گا۔
یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔ پنجاب بھر میں 403 مثبت کیس سامنے آئے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح میں کمی سختی کے باعث آئی ۔ ہسپتالوں میں 70 فیصد بیڈ خالی ہیں ۔