سنتھیا رچی کے الزامات من گھڑت، بیہودہ، نازیبا ہیں، ترجمان رحمان ملک

12:57 PM, 6 Jun, 2020

اسلام آباد :سابق وزیرِ داخلہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رحمان  ملک کے ترجمان   نے کہا ہے کہ امریکی خاتون سنتھیا رچی کے الزامات من گھڑت، بے ہودہ اور نازیبا ہیں،  مقصد رحمن ملک کی  ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے ۔

ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ داخلہ رحمان  ملک کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی خاتون کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد رحمان  ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون نے رحمان  ملک کے خلاف نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے ہیں۔رحمان  ملک کے ترجمان نے کہا ہے کہ رحمان  ملک نے ہمیشہ بھارت کے کشمیریوں و بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ روزانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی طرف سے رحمان ملک کو براہِ راست دھمکی آمیز ٹویٹس و پیغامات ملتے ہیں۔

رحمان  ملک کے ترجمان   نے کہا کہ رحمن ملک نے اپنی تحریروں میں را اور آر ایس ایس کے کشمیریوں و مسلمانوں پر مظالم سے پردہ اٹھایا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ داخلہ رحمان  ملک نے ہمیشہ خواتین کے حقوق اور وقار کے لیے آواز بلند کی ہے اور لڑتے رہے ہیں۔

رحمان  ملک کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ رحمان  ملک پر الزامات اس وقت سامنے آئے جب بحیثیت چیئرمین داخلہ کمیٹی بینظیر بھٹو شہید پر الزامات کا نوٹس لیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر رحمان ملک کے بیٹوں نے آزادانہ طور پر اپنے وکیلوں سے ضروری قانونی رائے  مانگ لی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان  ملک کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی سنتھیا ڈی رچی کے لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

مزیدخبریں