اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کا ریحام خان کی کتاب سے کوئی تعلق نہیں، مسلم لیگ ن کاعمران خان اور ریحام خان کی ذاتی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ امیدواروں کی کثیرتعداد نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کا پورا عمل مکمل جمہوری اورمیرٹ کی بنیاد پرہو رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ امیدواروں کےانٹرویو کیلئے تشکیل دیے گئے بورڈ میں خواتین بھی شامل ہیں۔ٹکٹوں کی تقسیم پر میرٹ کو ملحوظ خاطررکھا جا رہا ہے۔ ٹکٹ دینے کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی اورمنظم جماعت ہے۔ اب تک کی تمام سروے رپورٹس میں مسلم لیگ ن کی انتخابی فتح نظر آرہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔2014 میں ریحام خان سے پہلی اور آخری ملاقات ہوئی، شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہوتی نظرآرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے کسی بھی امیدوار پرکوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ الیکشن وقت پر ہونا عوام کا مطالبہ ہے۔ کوئی بھی طاقت الیکشن کوسبوتاڑ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ووٹرزٹرن آوٹ بھی زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد مسلم لیگ ن عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں