نگران وزیر اعلی پنجاب کی تقرری کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد

02:57 PM, 6 Jun, 2018

اسلام آباد: نگران وزیر اعلی پنجاب کی تقرری پر مسلم لیگ (ن) اورتحریک انصاف میں ڈیڈ لاک کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کی جانب سے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی میں نگران وزیر اعلی پنجاب کی تقرری پر اتفاق نہیں ہو سکا جس کے بعد پروفیسر حسن عسکری، ایاز امیر، ایڈمرل ریٹائرڈ ذکا اللہ اور جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوا دیئے ہیں۔ آئین کے تحت اب الیکشن کمیشن ان چاروں سے کسی ایک کو نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر کرے گا۔

پارلیمانی کمیٹی کے آخری اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومتی غیر لچکدار رویے کی وجہ سے مذاکرات ناکام رہے ہیں اور حکومت کو ایاز امیر کے نام پر تحفظات تھے جب کہ ذکاءاللہ کے نام پر ہم تحفظات کا شکار تھے۔

مزید پڑھیں: نگران وزیراعظم کے خلاف لاہور ہائکورٹ میں درخواست دائر

حسن عسکری غیر جانبدار تھے ہم نے ان کے نام پر حکومت کو راضی کرنے کی کوشش کی لیکن حکومت نے اپنے دونوں ناموں میں سے کسی ایک کو لانے کا زور دیا۔ معاملہ ایک ایک نام پر بھی نہیں آ سکا اور جس کے بعد اب معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس چلا گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومتی ناموں پر اعتراض اٹھائے بغیر مسترد کئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں