مقبوضہ بیت المقدس:اسرائیلی ریاست کے داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد ارڈان نے دھمکی آمیز انداز میں کہا ہے کہ اگر غزہ کے اندر سے آتش گیر کاغذی جہازوں کے اڑائے جانے کا سلسلہ بند نہ کیا گیاتو فلسطینی مزاحمتی قیادت کو چن چن کر قتل کرنے کی پالیسی دوبارہ اختیار کی جاسکتی ہے۔
غزہ کی پٹی کی سرحد سے فلسطینی شہریوں کی طرف سے آتش گیر پتنگوں کے اڑائے جانے کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر یہ خطرناک کاغذی جہاز سرحد پار سے پھینکے جانے کا سلسلہ بند نہیں ہوتا تو ہمیں فلسطینیوں کی مزاحمتی قیادت بالخصوص اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کی قیادت کو ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک کرنے کی پالیسی دوبارہ اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی طرف سے کاغذی جہازوں کی دہشت گردی کے خلاف کابینہ جلد کوئی فیصلہ کرے گی۔
قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے کہا تھا کہ غزہ کی پٹی کے اندر سے اسرائیل پر پھینکے جانے والے آتش گیر کاغذی جہازوں سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے فلسطینیوں کے ٹیکسوں سے رقم منہا کی جائے۔