دوح:قطرمیں مقیم سعودی،اماراتی،بحرینی شہری 14روزمیں وطن واپس لوٹ سکتے ہیں۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی (ایس پی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مملکت نے اپنی خود مختاری کے تحفظ کی خاطر بین الاقوامی قوانین کے تحت قطر کے ساتھ سفارتی اور قونصلر تعلقات منقطع کیے ہیں۔
اس لیے قطر میں مقیم یا وہاں جانے والے سعودی شہری چودہ روز میں وطن لوٹ آئیں۔بیان کے مطابق بدقسمتی سے قطریوں کو سکیورٹی وجوہ کی بنا پر سعودی عرب میں داخل ہونے یا آنے سے روک دیا گیا ہے اور سعودی عرب میں مقیم یا عارضی ویزوں پر یہاں آنے والے قطری شہری چودہ روز میں واپس جاسکتے ہیں۔بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ حج اور عمرے کے لیے آنے والے قطری شہریوں کو ہرقسم کی سہولتیں اور خدمات مہیا کی جائیں گی۔دریں اثناءمتحدہ عرب امارات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطریوں کو ملک میں داخل ہونے یا یہاں سے گزر کر جانے کی اجازت نہیں ہے۔
اس کے علاوہ قطری شہری چودہ روز کے اندر متحدہ عرب امارات سے واپس جاسکتے ہیں۔بحرین نے بھی اپنے شہریوں پر قطر کے سفر پر جانے اور وہاں قیام کرنے پر پابندی عاید کردی ہے اور قطری شہریوں کو بحرین میں داخل ہونے یا وہاں سے گزرنے سے روک دیا ہے۔بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بحرین میں مقیم یا سیر کے لیے عارضی طور پر آنے والے قطری شہری چودہ روز میں واپس جاسکتے ہیں۔ہمیں اپنے قطری بھائیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ان اقدامات کو حفظ ماتقدم کے طور پر لیں گے اور یہ کسی مخالفانہ سرگرمی کی پیشگی روک تھام کے لیے کیے جارہے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.