واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر لندن میں شدت پسند حملے کے بعد شہر کے میئر صادق خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ صدر ٹرمپ نے لندن کے میئر صادق خان کے بارے میں کہا کہ وہ لوگوں کو یہ کہہ کر کے ایک فضول عذر پیش کر رہے ہیں کہ انھیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ خیال رہے کہ میئر صادق خان نے عوام سے کہا تھا کہ انھیں لندن میں اضافی پولیس کو دیکھ کر گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
Pathetic excuse by London Mayor Sadiq Khan who had to think fast on his "no reason to be alarmed" statement. MSM is working hard to sell it!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) June 5, 2017
لندن میں دہشت گرد حملے کے حوالے سے منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں شرکت کے بعد میئر صادق خان نے صدر ٹرمپ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کو ہماری برادریوں کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ برطانوی نشریاتی سے بات کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ ہمیں شناخت کرنے کی ضرورت ہے کہ کچھ لوگ ہماری برادریوں کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں کچھ اختلافات کو بڑھاوا دینا چاہتے ہیں۔
اس سے پہلے میئر صادق خان کے ترجمان نے واضح کیا تھا کہ وہ لندن کے رہائشیوں کو بتا رہے تھے کہ شہر میں پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری کو دیکھ کر انھیں پریشان ہونے کی کوئی ضروت نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ صادق خان کو صدر ٹرمپ کی معلومات سے عاری اور جان بوجھ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر کی گئی ٹویٹ کا جواب دینے کی بجائے بہت سارے دیگر اہم کام کرنے ہیں۔
خیال رہے کہ لندن میں حملے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کی جانب سے لندن کے میئر صادق خان پر تنقید کی گئی تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے اپنی ٹویٹ میں صادق خان کی 2016 ستمبر میں کی گئی ایک ٹویٹ کا حوالہ دے کر لکھا جس میں صادق خان نے کہا تھا کہ 'دہشت گردی کے حملے 'کسی بھی بڑے شہر میں رہنے کا حصہ بن چکے ہیں۔
اس پر ٹرمپ جونیئر نے لکھا کہ 'آپ مذاق کر رہے ہیں کیا؟۔ لیبر پارٹی کے رکن پارلیمان ویس سٹریٹنگ نے لکھا 'آپ ہمارے شہر پر دہشت گردی کے حملے کو بنیاد بنا کر لندن کے میئر پر اپنے سیاسی فائدے کے لیے حملہ کر رہے ہیں آپ کو شرم آنی چاہیے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں