پاکستان کشمیر کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف میں نہیں اٹھا سکتا، بھارت

11:16 AM, 6 Jun, 2017

نیو دہلی: سشما سوراج کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام معاملات بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں لیکن بات چیت میں تیسرا فریق قبول نہیں کریں گے۔ کشمیر پر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف میں نہیں اٹھا سکتا۔

سشما سوراج کا دعویٰ ہے کہ شملہ معاہدہ اور لاہور ڈکلیئریشن کے تحت دونوں ملک پابند ہیں کہ کشمیر کا معاملہ پاکستان اور بھارت دو طرفہ طور پر حل کریں گے۔ سی پیک پر بھی سشما سوراج نے پرانی کہانی ہی دہرائی اور کہا کہ بھارت کی خود مختاری کا معاملہ ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز ضلع بانڈی پور میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جبکہ اس سے پہلے بھی سبزار احمد بٹ سمیت متعدد کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فورسز نے شہید کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 8 جولائی 2016 کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہانی وانی کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے جدوجہد آزادی کی نئی لہر اٹھی تھی جو اب تک جاری ہے۔

اس کے بعد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تین ماہ سے زائد عرصے تک کرفیو نافذ رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اسکولز، دکانیں، دفاتر اور پٹرول پمپس وغیرہ بند رہے۔ ہندوستانی فوج نے وادی کشمیر میں پیلٹ گنوں سے 700 سے زائد کشمیریوں کو بینائی سے محروم کر دیا تھا۔

کشمیر سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان نے عالمی سطح پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا اور 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھرپور طریقے سے کشمیر میں بھارتی مظالم کا تذکرہ کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں