اسلام آباد: عوام پاکستان پارٹی کے قیام اور اسکے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ماضی میں اقتدار کے مزے لینے والوں نے پرانی ٹیپ چلائی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے عوام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کی تقایر پر ردعمل میں کہا کہ آج اربوں پتی سرمایہ کاروں کا اکٹھ تھا جس میں پرانی ٹیپ چلائی گئی ۔آج تضادات سے بھرپور تقریریں دیکھنے کو ملیں۔ تضادات سے بھرپور تقریریں کرنے والے ماضی میں اقتدار کی کرسی سے بھرپور لطف اندازو ہوتے رہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام سوال کرتی ہے کہ جب ملک کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان تھے تب آپ کیوں خاموش تھے؟ وزیراعظم، وزیر پٹرولیم اور وزیر خزانہ رہنے والے آج کئے گئے اعلانات پر اقتدار کے عہدوں پر رہتے ہوئے عمل کیوں نہ کر سکے۔ جن لوگوں میں وفا جیسی صفت نہ ہو، وہ اقدار کی سیاست کیا کریں گے؟
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک جانب کہتے ہیں کہ اقتدار ہماری منزل نہیں اور ساتھ ہی اپنے آپ کو مسیحا بھی قرار دیتے ہیں ۔ نون لیگ جب جب اقتدار میں آئی اس نے عوام کے معیار زندگی اور ملکی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وزیراعظم اور ان کی کابینہ دن رات پاکستان کو معاشی میدان میں ابھرتا ہوا ملک بنانے کے لئے اپناحصہ ڈال رہےہیں ۔