عدالت نے ریڑھی بانوں کیخلاف سخت اقدامات سے روک دیا

ریڑھی بانوں کے خلاف اقدامات پر عدالت کا اہم حکم جاری

04:18 PM, 6 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم سی آئی کو ریڑھی بانوں کیخلاف سخت اقدامات سے روک دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید نہیں کی جا رہی، کئی ریڑھی بانوں کو لائسنسز ہی جاری نہیں کیے جا رہے، احساس ریڑھی بان پروگرام کے تحت ریڑھی بانوں کو بینکوں کی طرف سے قرضہ دیا گیا تھا۔  ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید نہ ہونے کے باعث وہ قرضہ واپس لوٹانے سے قاصر ہیں۔

عدالت نے تمام فریقین کی جانب سے آئندہ سماعت پر معاملے سے متعلق معلومات رکھنے والے افسران عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ 

حکم نامہ مین مزید کہا گیا کہ بادی النظر میں کیس بنتا ہے، درخواست سماعت کے لیے منظور کی جاتی ہے، تمام فریقین کی جانب سے آئندہ سماعت پر معاملے سے متعلق معلومات رکھنے والے افسران عدالت پیش ہوں، دریں اثنا ریڑھی بانوں کے خلاف کسی قسم کے بھی سخت اقدامات سے اجتناب کیا جائے۔


عدالت نے کیس کو  8 جولائی کو آئندہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔ 


واضح رہے کہ اسلام آباد کے ریڑھی بانوں نے لائسنسز کے اجراء، ایم سی آئی کی جانب سے ہراساں کرنے کیخلاف اسلام اباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں ایم سی آئی، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ، حکومت اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا تھا۔

مزیدخبریں