اسلام آباد: شاہد خاقان عباسی نے عوام پاکستان پارٹی کو باضابطہ لانچ کردیا۔شاہد خاقان عباسی عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر اور مفتاح اسماعیل سیکرٹری جنرل ہوں گے۔
عوام پاکستان پارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہے نہ معاشی، فارم 47 والے ملک نہیں بناتے۔ملک میں ایکسپورٹ گر رہی ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، جو ملک دودھ پر ٹیکس لگا دے وہ کیا کرسکتا ہے، ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، ملک میں مہنگائی میں اضافے سے عوام پریشان ہیں۔
تقریب سے خطاب میں مفتاح اسماعیل کاکہناتھا کہ پاکستان کا نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا نظام صرف اشرافیہ کوفائدہ دیتا ہے۔حکومت 50 ہزار تنخواہ والے سے ٹیکس مانگتی ہے، 2 ہزار ایکڑ زمین والے سے ٹیکس نہیں لینا۔ وہ پاکستان منظور نہیں جہاں ظلم کا نظام ہو، ملک میں مڈل کلاس کو مارا جا رہا ہے ۔کیا حکومت ایسٹ انڈیا کمپنی چلا رہی ہے، ملک اس لیے آزاد نہیں ہوا تھا کہ ہم بھوک اور افلاس کی قید میں رہیں۔