لاہور: حکومت پنجاب نے محرم الحرام سکیورٹی کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی، مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی ہو گی۔ عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کسی بھی ڈیوائس سے بین المذاہب، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے ریمارکس پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہو گی جبکہ جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کت دی گئی ہے۔
جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر پابندی ہو گی۔ بزرگ شہریوں، خواتین اور LEAs کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 7 سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔