دہشتگردوں کیخلاف آپریشن: پاک فوج کے میجر شہید، 3 دہشتگرد گرفتار

11:58 AM, 6 Jul, 2023

راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک میجر شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فرار ہونے والے راستے بند کرنے کے لیے ناکہ بندیوں کے قیام کا عمل جاری تھا کہ اس دوران عسکریت پسندوں کے ایک گروہ کا میجر میاں عبداللہ شاہ سے سامنا ہوا، جو آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ میجر نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے 3دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا۔ علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کےلئے آپریشن جاری ہے۔

مزیدخبریں