اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا، چیئرمین تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے ایڈووکیٹ خواجہ حارث کی وساطت سے اپیل دائر کی ہے ۔ درخواست میں ضلعی الیکشن کمیشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف استدعا کی کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو توشہ خانہ ٹرائل سے روکا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے،اور فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں مؤقف دیا کہ موکل کیخلاف توشہ خانہ فوجداری مقدمہ بھی کالعدم قرار دیا جائے،توشہ خانہ فوجداری شکایت کا مقدمہ نا قابل سماعت ہے۔سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ ہونے تک ٹرائل کورٹ کی کاروائی روک دی جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ناقص فیصلہ دیا۔ قانون معیاد گزرنے کے بعد شکایت کا اندراج نہیں ہو سکتا، مقدمہ کیلئے قانونی طریقہ کار نہیں اپنایا گیا۔
واضح رہے کہ آج ہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تھی۔جس پر عدالت نے 7 اور 8 جولائی کے دو دن دے دیے تھے۔