لاہور: آئی جی پنجاب پولیس نے تمام ڈویژنل پولیس افسران (آر پی اوز) کو ہدایت کی ہے کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے تناظر میں ایف آئی آرز میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 34 کا اضافہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں درج تمام مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ ہدایت ان تمام مقدمات سے متعلق تھی جو مبینہ طور پر فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث پی ٹی آئی کے رہنماؤں، کارکنوں اور حامیوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) کے سیکشن 7 کے تحت درج کیے گئے تھے۔
انسداد دہشت گردی قانون اور دیگر الزامات کے تحت سب سے زیادہ 14 ایف آئی آرز لاہور میں، 13 راولپنڈی ریجن، 5 فیصل آباد ریجن میں جبکہ ملتان، سرگودھا اور میانوالی اضلاع میں 4، 4 مقدمے درج کیے گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تصدیق کی کہ 9 مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کرنے کے لیے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 34 کو شامل کیا جا رہا ہے۔