جنیوا:اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشیل بیچلٹ اور امریکا نے ازبکستان میں بڑے پیمانے پر ہونے والے پر تشدد مظاہروں اور خونی جھڑپوں کی تحقیقات پر زور دیا ہے۔ ازبکستان میں حکام نے بتایا ہے کہ ازبکستان کے خود مختار علاقہ قراقل باقستان میں اس کی حیثیت کو متاثر کرنے والی آئینی تبدیلیوں کے خلاف جمعہ کو مظاہرے اور جھڑپوں کے دوران 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشیل بیچلٹ نے کہا کہ ہمیں ازبکستان میں مظاہروں کے دوران سنگین تشدد اور ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوری طور پر اس تناظر میں حکومتی اہلکاروں کی خلاف ورزیوں سمیت مجرمانہ کارروائیوں کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات شروع کریں۔
امریکا نے ایک علیحدہ بیان میں ازبکستان میں پرتشدد مظاہروں اور جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقین پر زور دیا کہ تنازعات کا پرامن حل نکالا جائے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے حکام پر زور دیا کہ وہ تشدد کی مکمل، معتبر اور شفاف تحقیقات کریں جو بین الاقوامی اصولوں اور بہترین طریقوں کے مطابق ہو۔