ابوجا: تیل برآمد کرنے والے ممالک کی عالمی تنظیم آرگنائزیشن آف پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز (اوپیک) کے سیکرٹری جنرل محمد برکینڈو 63 سال کی عمر میں بدھ کے روز انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمد برکینڈو نائیجیرین نیشنل پیٹرولیم کورپ (این این پی سی) کے سربراہ تھے اور ان کی کمپنی کی جانب سے محمد برکینڈو کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔
این این پی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے محمد برکینڈو کے انتقال کی اطلاع دی اور کہا کہ ہم نے آج محمد برکینڈو کو کھو دیا، ان کا دنیا سے جانا اہل خانہ، کمپنی اور عالمی انرجی کمیونٹی کا ایک بڑا نقصان ہے۔
این این پی سی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ محمد برکینڈو نے چند گھنٹے پہلے نائیجیریا کے صدر سے ملاقات کی تھی اور ابوجا میں ہونے والی انرجی سمٹ سے خطاب بھی کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد برکینڈو نے 1980 میں نائیجیریا کی آئل انڈسٹری سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا، انہوں نے این این پی سی میں مختلف عہدوں پر کام کیا جبکہ اوپیک کے اکنامک کمیشن بورڈ میں نائیجیریا کی نمائندگی کی۔