اٹک: معروف صحافی عمران ریاض خان کے کیس میں سول مجسٹریٹ یاسر تنویر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میرا دائرہ اختیار نہیں ہے لہٰذا متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اٹک سول مجسٹریٹ کی عدالت میں عمران ریاض کے مقدمے کی سماعت ہوئی اور جج نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔
مجسٹریٹ یاسر تنویر نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ عمران ریاض کا مقدمہ میرے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اس لئے معاملہ ایف آئی اے کورٹ بھیج رہا ہوں۔
مجسٹریٹ یاسر تنویر نے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کیس زبردست لڑا اور عمران ریاض خان کے حق میں کیس بنا بھی دیا لیکن میرا دائرہ اختیار نہیں ہے۔
سول مجسٹریٹ یاسر تنویر نے عمران ریاض کا کیس وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) راولپنڈی کی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
واضح رہے کہ عمران ریاض خان کو گزشتہ رات اٹک پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ وزیر قانون پنجاب نے اینکر پرسن کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔