کورونا کی چھٹی لہر، عیدالاضحی پر سیاحت پر جانیوالے شہریوں کیلئے ہدایات جاری

02:40 PM, 6 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر پہاڑی علاقوں  میں سیاحت کے لیے جانے والے شہریوں کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔

نئی جاری ہونے والی ہدایات کے مطابق اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے موسمی حالات، بالخصوص بارشوں ، ژالہ باری ،  تیز جکڑدار ہواؤں اور دیگر   صحت عامہ کے حالات کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنائیں۔ سیاحتی مقامات پر اچانک لوگوں کا ہجوم بڑھ جانے سے وہاں کے ہوٹلز اور ریسٹورینٹس وغیرہ میں قیام و طعام کی سہولتیں ناکافی ہوجاتی ہیں،   اِس لئے اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اِس بات کی مکمل تسلی کرلیں کہ جہاں آپ سیاحت کی غرض سے جارہے ہیں، وہاں رہنے کی مناسب جگہ اورکھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں اور مناسب داموں پر دستیاب ہیں۔ طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ والے مقامات سے غیر محتاط طریقے سے گزرنے سے مکمل احتراز برتیں اور راستے کلئیر ہونے کے بارے میں متعلقہ سرکاری حکام/ اداروں کی ہدایات پرسختی سے عمل پیرا ہوں۔ 

دوسری جانب وزیر صحت  عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں، کورونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اپنے سیاحتی سفر کے دوران   کورونا کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں،  کورونا  وائرس کے پھیلاو کا خطرہ ہجوم والی  جگہوں پر زیادہ ہو جاتا ہے اس لیے ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرکا استعمال یقینی بنائیں۔سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اِس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیاحت کیلئے جانے والے تمام افراد  مکمل  طور پر ویکسینیٹڈ  ہوں۔

مزیدخبریں