لندن: برطانیہ نے عالمی معاشی بحران کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، دنیا کے تمام مرکزی بینکوں کو آنے والے طوفان سے خبردار کر دیا ، پاکستان میں اسٹیٹ بینک کل نئی شرح سود کا فیصلہ کرے گا ۔
برطانوی مرکزی بینک کے گورنر اینڈریو بیلے نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کے آغاز سے ہی معاشی بہتری کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں ۔ دنیا کے تمام مرکزی بینک معاشی اور مالی طوفان کے لئے تیار ہو جائیں ۔ امریکہ اور یورپ نے شرح سود مزید بڑھانے کا عندیہ دے دیا ہے ۔
بینک آف انگلینڈ کا کہنا ہے روس یوکرین جنگ کی طوالت سے عالمی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں ۔ خام تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کے طوفان کا مقابلہ ممکن نہیں رہا ۔
آئی ایم ایف نے کہا ہے برطانیہ کو مہنگائی سے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ اس وقت برطانیہ اور امریکہ میں مہنگائی چالیس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ عالمی اقتصادی منظر نامہ ہر گزرتے دن کے ساتھ گہرا ہوتا جا رہا ہے ۔
ادھر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کا اجلاس کل ہو رہا ہے ، جس میں شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافے کی توقع ہے ۔