ہماری سیاست اور سیاست دانوں کے اندرونی حالات کا موازنہ برصغیر کے لٹریچر کی تقریباً سو برس پرانی ایک کہانی ’’پردہ‘‘ سے کرتے ہیں۔ کہانی کے مطابق بخشو کے دادا محصول کے محکمے میں داروغہ تھے۔ آمدنی مناسب تھی۔ اُن کے دو بیٹے تھے جو ریلوے اور ڈاکخانے میں ملازم تھے۔ دونوں کی شادیاں ہوئیں، بچے ہوئے اور خاندان بڑھتا گیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ خاندان کے افراد آبائی گھر سے نکل کر دور دراز علاقوں میں چلے گئے۔ تیسری نسل کے آتے آتے آبائی گھر بھی بک گیا اور خاندان کے آپس میں رابطے بھی ختم ہوگئے۔ ڈاکخانے والے بابو بیٹے کا ایک لڑکا بخشو تھا جس نے اپنا خاندانی رعب برقرار رکھنے کی کوشش جاری رکھی۔ وہ بہت کم اجرت پر ایک آئل فیکٹری میں منشی ملازم تھا۔ وہ کچی بستی میں کرائے کے ایک مکان میں رہتا۔ اُس کے کندھوں پر ماں، بیوی اور پانچ بچوں کا بوجھ تھا۔ اُس کی تنخواہ محض چند روپے تھی۔بخشو کے چھوٹے سے گھر کا ایک مرکزی راستہ تھا جس پر پرانی موٹی بوری کا ٹاٹ پردے کے طور پر لٹکا رہتا۔ بستی کے لوگوں نے اُس کے گھر کی خواتین کو کبھی باہر آتے جاتے نہیں دیکھا تھا اور نہ ہی کسی غیرفرد کو مرکزی راستے پر لٹکے ٹاٹ والے پردے کو اٹھا کر اندر جھانکنے کی جرات تھی۔ یہاں کے لوگ کئی برسوں سے اُس کے ساتھ رہنے کے باوجود اُس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے تھے کیونکہ اُس نے یا اُس کے گھر والوں نے کسی سے ذاتی میل جول نہیں رکھا تھا۔ بخشو نے کبھی اپنے خاندانی رعب پر سمجھوتا نہیں کیا اسی لیے بستی میں اس کی شخصیت کا دبدبہ تھا۔ جب کبھی بستی میں کوئی جھگڑا ہوتا تو آخری فیصلہ بخشو کا ہوتا۔ جب کبھی دھوبی تندور والے کا ادھار واپس نہ کرتا تو بخشو دونوں کے معاملات سلجھاتا۔ جب کبھی سرکاری کارندے بستی کی معلومات لینے آتے تو بخشو ہی معلومات فراہم کرتا۔ تمام تر ظاہری رعب کے باوجود اُس کے معاشی حالات خراب سے خراب تر ہوتے جارہے تھے۔ نوبت یہاں تک آگئی کہ پورا کنبہ صرف ایک وقت باجرے کی روٹی پانی میں ڈبو کر کھاتا اور زندہ رہنے کا سبب کرتا۔ بخشو کے پاس ایک پاجامہ کرتہ تھا جسے وہ اپنا رعب بلند رکھنے کے
لیے صاف ستھرا رکھتا۔ بخشو اپنی گھریلو معیشت کی پھٹیچر ریڑھی آگے بڑھانے کے لیے فیکٹری کے سیٹھ سے ایڈوانس تنخواہیں بھی لے لیتا اور رقم کی واپسی کے لیے رات کو بھی دن بناکر ڈبل شفٹیں لگاتا۔ بستی کے لوگ بخشو کے اِن حالات سے ناواقف تھے کیونکہ اُس کے گھر کے مرکزی راستے پر لٹکا پرانی بوری کا ٹاٹ نما پردہ اُس کے اندرونی حالات پر پردہ ڈالے ہوئے تھا۔ ایک مرتبہ اُس پر زیادہ برا وقت آگیا۔ بوڑھی ماں اپاہج اور بیوی شدید بیمار ہوگئی۔ صحت کی کمزوری کے باعث وہ خود بھی فیکٹری میں ڈبل شفٹ لگانے کے قابل نہ رہا۔ اُس نے فیکٹری کے سیٹھ سے ماں، بیوی اور اپنے علاج کے لیے ایڈوانس تنخواہ مانگی تو سیٹھ نے سیٹھی انکار کردیا اور پہلے لی گئی ایڈوانس تنخواہ واپس جمع کروانے کا سخت حکم دیا۔ اُس بستی کے باہر ایک ساہوکار رہتا تھا جو سود پر ادھار دیتا۔ بخشو اپنی نوکری بچانے اور اپنی اور اپنے گھر والوں کی زندگیوں کی سانسیں چلائے رکھنے کے لیے ساہوکار سے تین ماہ کے وعدے پر سود پر ادھار لے آیا جس میں سے اس نے لی گئی ادھار ایڈوانس تنخواہ فیکٹری سیٹھ کو جمع کروا دی۔ باقی بچ رہنے والی رقم اُس کی اور اُس کے گھر والوں کی بیماریوں اور باجرے کی سوکھی روٹی کے چند نوالوں کے لیے بھی ناکافی تھی۔ لاعلمی کے باعث اب بھی وہاں کے لوگ بخشو کو مضبوط خاندانی پس منظر کا فرد سمجھتے اور اسے ہی اپنا لیڈر تصور کرتے۔ تین ماہ گزرنے کے بعد جب ساہوکار کو رقم لوٹانے کا وقت آیا تو بخشو پہلے سے بھی زیادہ کنگال تھا۔ وہ ساہوکار کے پاس گیا اور دو ماہ کی مزید مہلت مانگی۔ ساہوکار نے آج تک کسی کو ادھار کی واپسی میں ایک دن کی رعایت بھی نہ دی تھی۔ اگر کوئی اس کا ادھار واپس کرنے نہ آتا تو ساہوکار ایک موٹا ڈنڈہ اٹھاکر اگلے روز اس کے گھر پہنچ جاتا اور ڈنڈہ دروازے پر مارمارکر اتنی اونچی اونچی گالیاں دیتا کہ اس کی آواز بستی کی حدود پار کرکے دوسری بستیوں تک جاپہنچتی۔ یہاں تک کہ ادھار لینے والا اپنی ہر شے ساہوکار کے قدموں میں گروی رکھ کر پیسے چکاتا۔ تاہم بخشو کے خاندانی رعب اور بستی کا لیڈر ہونے کے باعث اُسے ادھار کی واپسی کی حد میں دو ماہ کی سہولت مل گئی۔ دو ماہ بعد بخشو ادھار کہاں سے اور کیسے واپس کرتا۔ وہ پھر ساہوکار کے پاس گیا۔ رفتہ رفتہ ادھار کی واپسی میں سات ماہ کی تاخیر ہوگئی۔ اب ساہوکار کے صبر کا پیمانہ کنٹرول سے باہر ہوچکا تھا۔ اس نے بخشو کے خاندانی رعب کو ایک طرف رکھا اور موٹا ڈنڈہ اٹھاکر اس کے گھر پہنچ گیا۔ بخشو نے ساہوکار کی اونچی اونچی گالیاں سنیں جو موٹے ٹاٹ کے پردے پر ڈنڈے بھی برسا رہا تھا۔ پوری بستی کے لوگ گھر کے باہر جمع تھے۔ بخشو کے خاندانی رعب پر ساہوکار کے یہ ڈنڈے بستی والوں کے لیے حیران کن تھے۔ آخرکار غصے سے آگ بگولا ہوکر ساہوکار نے بوری کے موٹے ٹاٹ والا پردہ نوچ کر پھینک دیا۔ لوگوں کے خیال میں ٹاٹ والے پردے کے پیچھے گھر کا مضبوط مرکزی دروازہ ہونا چاہئے تھا لیکن جب پردہ زمین پر گرا تو لوگوں کی چیخیں نکل گئیں کیونکہ پردے کے اُس پار چھوٹا سا صحن تھا جس میں دیواروں کے بغیر صرف ایک چھپر بنا ہوا تھا جو اس پورے گھر کا واحد کمرہ تھا۔ گھر کا ہرفرد صاف نظر آرہا تھا لیکن لوگ شرم کے باعث دیکھنے کی تاب نہ رکھتے تھے کیونکہ خواتین سمیت گھر کے سب چھوٹے بڑے افراد کے تن پر معمولی کپڑے بھی نہ تھے۔ خواتین اپنے ہاتھوں سے اپنے جسموں کو چھپا کر ایک دوسرے میں چھپ رہی تھیں۔ لوگوں کو تب پتا چلا کہ بخشو اور ان کے درمیان ٹاٹ کا یہی پردہ تھا جس نے اس کا رعب رکھا ہوا تھا۔ جب ساہوکار نے بخشو کی بدحالی کا یہ منظر دیکھا تو وہ بھی ادھار لیے بغیر واپس چلا گیا۔ اب اس گھر کے مرکزی راستے کی زمین پر بخشو بیہوش پڑا تھا جس کے ساتھ پرانی بوری کے ٹاٹ کا وہی پردہ گرا ہوا تھا جو اس کے خاندانی رعب کا پردہ تھا۔ کہانی یہاں ختم ہوتی ہے لیکن اپنے ہاں کے اکثر سیاست دانوں کی سیاسی کہانیوں پر پڑا موٹے ٹاٹ کا پرانا پردہ گرائیں تو پتا چلتا ہے کہ ان کے ہاں بھی سیاسی کمٹمنٹ کا دیوالیہ پن ہے۔ ان کے ہاں بھی مفاد پرستی نے ان کے تن پر اصول پسندی کے معمولی کپڑے بھی نہیں رہنے دیئے۔ اگر بستی والوں اور اکثر سیاست دانوں کے گھروں کے درمیان پرانی بوری کے ٹاٹ والے موٹے پردے کو گرا دیا جائے تو ان سیاست دانوں کی سیاسی بدحالی کو دیکھ کر بستی والے چیخیں مارتے بھاگ جائیں گے۔ اِن بے بس سیاست دانوں کے مجبور رعب کو دیکھ کر یہی کہا جاسکتا ہے کہ پردے میں رہنے دو، پردہ نہ اٹھائو، پردہ جو اُٹھ گیا تو بھید کھل جائے گا۔
پردہ اٹھنے پر بستی والوں کی چیخیں
09:19 AM, 6 Jul, 2022