شریف فیملی اور نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

شریف فیملی اور نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
کیپشن: شریف فیملی اور نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے شریف فیملی اور  نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی ہیں۔  مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں  پر دلائل  15 جولائی سے سنے جائیں گے ۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

مریم نوازکے وکیل امجد پرویزنے کہا کہ کورونا وائرس کا شکار رہنےکی وجہ سے تکلیف میں ہوں ، دلائل کے لیے زیادہ وقت درکار ہے، تین ہفتوں کی مہلت دی جائے ۔ 

جسٹس عامر فاروق نے کہا اپیلوں پر بہت زیادہ تاخیر نہیں کرسکتے، آئندہ ہفتےکی تاریخ دیتے ہیں اور اس کو شروع کرتے ہیں، پتہ چل جائے کہ کیا چارج ہے؟ کتنے گواہ ہیں؟ ہر ہفتے ایک دن اپیلوں کےلیے رکھ دیں گے۔اپیلوں پر سماعت 15 جولائی کو ہوگی۔

فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کیخلاف اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانے کیلئے  نیب کی اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہیں۔   نیب کی اپیلوں پر سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔