1965 کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کا 86 واں یوم پیدائش

05:21 PM, 6 Jul, 2021

لاہور: 1965 کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کا 86 واں یوم پیدائش ۔

انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے پانچ لڑاکا طیاروں  کو زمین بوس کرنے والے ایم ایم عالم کا86واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔

ایم ایم عالم 6 جولائی 1935 کو بھارتی شہر کلکتہ میں پیدا ہو ئے انہوں نے  1952 میں پاکستان ائیر فورس میں کمیشن حاصل کیا۔

ایم ایم عالم 1982 میں ائیر کموڈور کے عہدے پر ریٹائرڈ ہوئے اور 18 مارچ 2013 کو 78 برس کی عمر میں دنیا کو خیرباد کہہ گئے۔

بھارتی فضائیہ کے طیاروں پر عقاب کی مانند جھپٹنے اور تباہ کرنے والے ایم ایم عالم کے کارنامے زبان زدعام ہیں۔

انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بھارت کے خودساختہ سورماؤں سے ایم ایم عالم کا ٹاکرا مقبوضہ کشمیر کے چھمب جوڑیا ں اور آدم پور جالندھر میں ہوا۔

ان ہوائی معرکوں میں کچھ واقعات جنگی تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے پانچ لڑاکا جہازوں کو زمین بوس کردینے والے ایم ایم عالم کا کارنامہ آج بھی سننے والو ں کو ورطہ حیرت میں  مبتلا کر دیتا ہے۔

اپنے پسندیدہ جنگی ہوائی جہاز ایف ایٹی سکس کے ذریعے انہونی کو ہونی کر دینے والے ایم ایم عالم کو غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں کی وجہ سے فالکن، لٹل ڈریگن جیسے القابات سے بھی نوازا گیا ۔

 ایم ایم عالم نے پینسٹھ کی جنگ میں  مختلف محاذوں پر کل گیارہ بھارتی طیاروں کو تباہ کر کے ریکارڈ قائم کیا۔ایم ایم عالم کو شاندار کارکردگی دکھانے پروطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرات سے نوازا گیا۔

پینسٹھ کے جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کے زیر استعمال  جنگی جہاز ایف 86  کو لاہور کے مال روڈ پر بطور یادگار نصب کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں