بلوچستان میں ان ناراض بلوچوں سے بات ہو گی جو بھارت سے رابطے میں نہیں:فواد چوہدری 

04:41 PM, 6 Jul, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ میٹنگ کے بعد کہا کہ بلوچستان میں ناراض عناصر سے بات چیت پرکام جاری ہے،ان عناصر سےبات چیت ہوگی جو بھارت سے رابطے میں نہیں،خیال رہے وزیراعظم نے گزشتہ روزگوادرمیں ناراض بلوچ عناصرسےبات چیت کا عندیہ دیاتھا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں لاہور بم دھماکے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے پر پولیس کو مبارکباد دی گئی ہے ،بم دھماکے میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف بروقت کاروائی اور گرفتاری پر اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے ۔

 

الیکٹرانک ووٹنگ مشین :

 

فواد چوہدری نے کہا 15 جولائی تک الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تیار کرلیا جائے گا،کابینہ کوالیکٹرانک ووٹنگ مشین پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیاہے ،انہوں نے کہا الیکشن سے پہلے ریفارم کرنے کیلئے اپوزیشن تیار نہیں،جب ان سے کہتے ہیں الیکشن ریفارمز کریں تو یہ مانتے نہیں، ہم چاہتے ہیں جب الیکشن میں کوئی کامیاب ہوتا ہے تو اسے یقین ہو وہ جیتا ہے،جب کوئی الیکشن میں ہار جائے تو وہ اس بات پر یقین کرے کہ اسے ہار ہوئی ہے ،انہوں نے کہا سیاسی جماعتوں کی اس وقت کوئی آئیڈیالوجی نہیں،نوازشریف،آصف زرداری کے اکٹھے بیٹھنے میں کیا آئیڈیالوجی ہے،آصف زرداری کا فضل الرحمٰن کے ساتھ بیٹھ جانا کونسی آئیڈیالوجی ہے۔

 

افغانستان ایشو :

 

افغانستان ایشو پر بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا افغانستان کے ساتھ پاکستان کا 2700 کلومیٹر بارڈر ہے،پاکستان اور افغانستان کے 90 فیصد علاقے میں باڑ لگا دی گئی ہے،پاسپورٹ کا نظام جس طرح بیرونی دنیا میں ہے ویسا ہی لے کر آنا چاہتے ہیں،بارڈر ریجن کے ساتھ کیمپس بنائیں گے جہاں افغان مہاجرین رہیں گے،پاکستان چاہتا ہے افغان مہاجرین کو باعزت ان کے وطن واپس بھیجے،افغانستان میں اگر صورتحال خراب ہوئی تو ان مہاجرین کا بوجھ ہمیں اٹھانا ہوگا۔

 

فواد چوہدری نے بریفنگ کے دوران کہا اسکردو اور گلگت کےایئرپورٹس کو وسعت دے رہے ہیں،دونوں ایئرپورٹس کی وسعت کا مقصد انہیں سال کے 12 ماہ کھلے رکھنا ہے،کابینہ اجلاس میں سرکاری ملازمتوں کیلئےشفاف ٹیسٹنگ کے نظام پر بھی بات ہوئی،شفاف ٹیسٹنگ نطام وضع کرنے کیلئے کابینہ نے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

 

وفاقی وزرا پروٹوکول:

فواد چوہدری  نے کہا فلیگ ایکٹ کے تحت وفاقی وزرا کو جھنڈا لگانے کی اجازت ہے،وزیراعظم نےسرکاری اکابرین کےغیرضروری پروٹوکول کانوٹس لے لیاہے،وزیراعظم نےگورنر،وزرا کےپروٹوکول میں کمی لانے کی ہدایت کر دی ہے ،انہوں نے کہا تمام سرکاری اکابرین غیرضروری پروٹوکول سےمکمل اجتناب کریں،جہاں پروٹوکول زیادہ ہوگاوہاں وزیراعظم ایکشن لیں گے،آئندہ ماہ وزیراعظم اس معاملے میں تفصیلی پالیسی لے کر آئیں گے ۔

 

فاٹا میں انٹرنیٹ کی سہولیات:

 

بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا فاٹا کے تمام اضلاع میں تھری جی اور فور جی کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،وزیراعظم نے ہدایت کی ہے جن علاقوں میں یہ سروس نہیں دی گئی وہاں فوری دی جائے،بریفنگ میں بتا یا گیا سول ایوی ایشن کو ریگولیٹری اتھارٹی بنا دیا گیا ہے،ایئرپورٹ پر خدمات کی فراہمی کا معاملہ سول ایوی ایشن سےالگ کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں