لاہور :سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشمیر ہی بنیادی مسئلہ ہے ،ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں،پاکستان کے دشمن جان لیں مسئلہ کشمیر پر سول و عسکری قیادت اور پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے یورپی یونین کی پہلی خاتون سفیر اینڈرولا کامی نارا سے ملاقات کے دوران کہا اس وقت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے،یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں اپنا کردار ادا کرے،عالمی برادری کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کیخلاف نوٹس لینا چاہیے ۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا پاکستان اور یورپی یونین کے ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلے سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی،پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر ہی صرف بنیادی مسئلہ ہے جس کی وجہ سے خطے کا امن ہمیشہ سے دائو پر لگا رہتا ہے ،انہوں نے کہا یورپی یونین سمیت عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف ایکشن لے ۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا موجودہ پنجاب اسمبلی نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے،تعلیم، صحت، زراعت اور عوامی مفاد کے مختلف شعبوں کے اب تک 90 بل منظور کیے ہیں،تحریک انصاف کی حکومت عوام کو معیشت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔