اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی غیر موجودگی میں ضمانت دینے کی استدعا مسترد کردی ۔ عدالت نے نیویارک فلیٹ کیس میں ضمانت کی درخواست پر آصف زرداری کو کل طلب کرلیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں عدالت عالیہ کے 2 رکنی بینچ نے سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی عدم موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری دینے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کی عدم موجودگی میں ضمانت کی مثال نہ بن جائے اس لیے ایسا نہیں کر رہے۔ جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عدم موجودگی میں ضمانت سے متعلق کیس لاز موجود ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اس سے کوئی غلط نظیر نہ بن جائے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ دو دن کا وقت دے دیں، آصف زرداری پیش ہو جائیں گے، ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی غیر موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد کردی۔ جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کل آصف زرداری پیش ہو جائیں گے ۔
دوسری جانب آصف زرداری کا نیو یارک فلیٹ انکوائری سے متعلق نیب راولپنڈی کو جواب مل گیا۔ آصف زرداری نے تفصیلات فراہم کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی ۔۔