لاہور: سابق ڈی ایس پی گرفتار، وردی اتار دی، پولیس اہلکار گھسیٹ کر لے گئے  

02:37 PM, 6 Jul, 2021

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی مشہور شاہراہ مال روڈ پر پولیس نے سابق ڈی ایس پی عمران بابر جمیل کو گرفتار کر کے اس کی پولیس وردی اتار دی اور گھسیٹ کر وین میں ڈال کر لے گئے۔

بعد ازاں لاہور کے تھانہ سول لائن میں عمران بابر جمیل کے خلاف ڈی ایس پی کی وردی اور رینک استعمال کرنے، کار سرکار میں مداخلت، پولیس اہلکار کی وردی پھاڑنے کی کوشش اور روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس آئی محمد افضل کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق عمران بابر ڈی ایس پی کی وردی پہن کر مال روڈ پر ٹریفک روک رہا تھا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اس نے پولیس افسر نہ ہونے کے باوجود ڈی ایس پی کی وردی پہن رکھی تھی۔ پولیس نےعمران بابر جمیل کو مال روڈ پر ٹریفک بلاک کرنے سے روکا تو اس نے مجھے ہاتھ میں پکڑا ڈنڈا مارنے اور میری پولیس یونیفارم پھاڑنے کی کوشش کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

واضح رہے کہ مال روڈ لاہور، فیصل چوک میں صحافیوں کے احتجاج کے میں سابق ڈی ایس پی عمران بابر جمیل نے پولیس وردی پہن اور ڈی ایس پی کے رینک لگا کر شرکت کی تھی۔

مزیدخبریں