لاہور: جسٹس محمد امیر بھٹی نے لاہور ہائیکورٹ کے 51 ویں چیف جسٹس کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس محمد امیر بھٹی سے حلف لیا جس کے بعد وہ عدالت عالیہ پہنچے تو ان کا شاندار پرتپاک استقبال کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے فاضل چیف جسٹس کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کے فیملی ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
جسٹس محمد امیر بھٹی لاہور ہائیکورٹ کے 51ویں چیف جسٹس ہیں جن کی حلف برداری کی پروقار تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور دیگر ججز، سرکاری وکلا سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں جبکہ حلف برداری تقریب کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے واضح کیا کہ عدالتی افسران اپنے اپنے کام پر توجہ دیں اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔