اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر طورخم بارڈر پر ہر قسم کی آمدورفت کا سلسلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق طورخم بارڈرپرقسم کی آمدورفت بند کردی گئی ہے اور امیگریشن کا سلسلہ این سی او سی کی اگلی گائیڈ لائنز جاری ہونے تک بند رہے گا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ کورونا وبا کے باعث طورخم بارڈر کو آج ہر طرح کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے، پاک افغان سرحد پر طورخم امیگریشن مرکزاین سی او سی کی نئی ہدایات تک بند رہے گا۔
واضح رہے کہ عالمی وباءکورونا وائرس کے مریضوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور این سی او سی کے مطابق 15 جون کے بعد ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے یہ مرض دوبارہ پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس موذی مرض سے بچنے کیلئے ماسک کے استعمال، بار بار ہاتھ دھونے، سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور رش والی جگہوں سے دور رہنے سمیت تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
اس سلسلے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے جاری بیان میں اس بات تصدیق کی گئی ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز دوبارہ بڑھنا شروع ہو چکے ہیں، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اس موذی مرض سے بچ سکیں۔
دوسری جانب این سی او سی نے کورونا سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے سخت احتیاط کی اپیل کی ہے بصورت دیگر سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیدیا ہے۔
کورونا وائرس کا پھیلاؤ، طورخم بارڈر پر ہر قسم کی آمدورفت بند کر دی گئی
12:08 PM, 6 Jul, 2021