خیبرپختونخوا میں امتحانی شیڈول کا اعلان، 10 جولائی کو میٹرک کا پہلا پرچہ ہوگا  

12:05 PM, 6 Jul, 2021

پشاور: خیبر پختونخوا میں امتحانی شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا کہنا ہے 10 جولائی کو میٹرک کا پہلا پرچہ ہوگا۔ میٹرک کے 4 اور انٹرمیڈیٹ کے 3 مضامین کے امتحان لیں گے۔ عید تک دسویں اور گیارہویں کے پیپر ہوں گے۔ پہلی سے آٹھویں تک 11 جولائی تک چھٹیاں ہوں گی، 12 جولائی سے سکول کھل جائیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ امتحانات لازمی ہوں گے، جو امتحان نہیں دے گا ڈگری پر اثر انداز ہوگا۔ طلبہ امتحان دیئے بغیر پاس نہیں ہو سکتے، بصورت دیگر ان کی ڈگری کی کوئی ویلیو نہیں ہوگی۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اب چیزیں کافی بہتر ہو رہی ہیں۔ امتحانات کو مختصر کر دیا ہے۔ میٹرک کے 4 مضامین کے امتحان ہوں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے 3 مضامین کے امتحان لیں گے۔ 10 جولائی کو میٹرک کا پہلا امتحان ہوگا جبکہ عید تک دسویں اور گیارہویں کے پیپر ہوں گے۔ امتحان کے بغیر پروموٹ ہوں گے تو ڈگری کی ویلیو نہیں ہوگی۔

وزیر تعلیم خیبر پختونخوا نے کہا کہ سردیوں میں اکتوبر سے کورونا کے کیسز بڑھنے لگتے ہیں، اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کو کم کریں۔ پہلی سے آٹھویں تک 11 جولائی تک چھٹیاں ہوں گی، 12 جولائی سے سکول کھل جائیں گے۔ ایک ہفتہ ایڈمیشن ویک اور انرولمنٹ مہم چلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کے والدین اور اساتذہ میں روابط قائم ہوں۔ بچوں کو اسی ہفتے میں کتابیں فراہم کریں گے۔ شجرکاری مہم میں بچوں کو شریک کریں گے۔ والدین بچوں کی تیاری میں مدد کریں۔

شہرام ترکئی نے کہا کہ ویکسین لگوانے والے اساتذہ ہی امتحانوں میں ڈیوٹی دے سکیں گے۔ کورونا کا واحد علاج ویکسی نیشن اور سماجی فاصلہ ہے۔ 80 فیصد اساتذہ نے ویکسین لگوا لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ای ٹرانسفر متعارف کرا دیا گیا ہے۔ تمام ٹرانسفر پوسٹنگ ای ٹرنسفر کے ذریعے ہوں گی۔ خواتین سٹاف اب گھر بیٹھ کر ای ٹرانسفر کرا سکتی ہیں۔

مزیدخبریں