وانا: میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں نے ایک چوکی پر حملہ کرکے وہاں وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو فائرنگ کے تبادلے میں شہید کر دیا ہے، اطلاعات ہیں کہ ایک جوان زخمی ہوا ہے۔
مقامی میڈیا نے کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب علاقے حسن خیل میں پیش آیا جہاں قائم ایک چیک پر دہشگردوں نے صبح سویرے حملہ کر دیا۔
اس بزدلانہ حملے میں تین فوجی شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خبریں ہیں کہ دہشتگردوں نے اس بزدلانہ کارروائی اور حملے میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی دہشت گردوں نے افغانستان کے اندر سے شمالی وزیرستان کے علاقے دوٹوئی میں فائرنگ کی تھی جس میں دو فوجی جوان شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے جبکہ اسی دن جنوبی وزیرستان میں حملہ کرکے 3 فوجیوں کو بھی شہید کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے بلوچستان کے علاقے ہزار گنجی میں آپریشن کے دوران پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارہ گنجی میں کی گئی تھی۔ اس کامیاب آپریشن میں دیگر سیکیورٹی اداروں نے بھی حصہ لیا۔ یہ کارروائی اس علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی۔
اس آپریشن میں مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے بتایا جا رہا ہے۔