بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کا نیٹ ورک کافی حد تک توڑ دیا، فواد چودھری  

10:51 AM, 6 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کا نیٹ ورک کافی حد تک توڑ دیا ہے، اب قوم پرستوں کے ساتھ بات چیت کا ایجنڈا طے کیا جائیگا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اہم بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت 731 ارب کے 131 منصوبے مکمل کرے گی۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ صوبائی حکومت کا ترقیاتی پروگرام صرف اس سال 180 ارب کا ہے، بلوچستان عمران خان کے دل کے قریب ہے۔

اس کے علاوہ ایک نجی ٹیلی وژن کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو کے بعد جوہر ٹاؤن دھماکے کا سراغ لگانا بڑی انویسٹی گیشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھارت دنیا کے سامنے ننگا ہو گیا ہے۔ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت کس طرح پاکستان کے خلاف دہشت گردی کر رہا ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات ہو کسی بڑی شخصیات کو نشانہ بنانا ہو اس میں بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی '' را'' کا ہاتھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور دہشت گردی میں بھارت براہ راست ملوث تھا۔ بھارت کی سٹیبلشمنٹ اور حکومت پاکستان کے اندر دہشتگردی کے نیٹ ورک کو پوری طرح سپورٹ کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے عندیہ دیا تھا کہ میں ناراض بلوچوں سے بات کرنے کا سوچ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں بلوچستان میں موجود ایسے تمام نوجوانوں سے بات چیت کروں جو ہو سکتا ہے ماضی میں بھارت کے کہنے پر غلط راستے پر نکل گئے ہوں۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں بلوچ عمائدین اور کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو پاکستان کا سوچے گا وہ بلوچستان کا ضرور سوچے گا۔ نواز شریف اور زرداری بلوچستان پر توجہ دینے کے بجائے بیرون ملک جاتے رہے، نواز شریف لندن 24 بار گئے لیکن بلوچستان 2 بار بھی نہیں آئے۔ 

وزیراعظم نے کہا تھا کہ دونوں کا مقصد صرف الیکشن جیتنا تھا، یہ حکمران ملک پر توجہ دیتے تو شاید اب بھی وزیراعظم ہوتے۔ بلوچستان کا احساس محرومی ضرور دور کریں گے، میری ترجیح الیکشن جیتنا نہیں عوام کی خدمت کرنا ہے۔

مزیدخبریں