اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ گوادر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں نے وزیراعظم سے ویڈیو لنک پر بات کی ، چینی سرمایہ کاروں نے عمران خان سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں وزیراعظم کی ہدایت پر تیزی سے کام جاری ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ سی پیک کے تحت گوادر میں اہم منصوبے جاری ہیں ۔ گوادر پورٹ کے ساتھ گوادر شہر میں بھی ترقی کا سفر شروع ہے ۔
گوادر میں وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ گوادر پورٹ کے مکمل فعال ہونے میں وزیراعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی شامل ہے ۔ وزیراعظم گوادر شہر کی ترقی کے ماسٹر پلان کو منظور کرچکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بائیس سو ایکڑ پر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں ۔ گوادر میں 100 بستر کا ہسپتال ، ایک جدید ایئرپورٹ اور ووکیشنل سینٹر بنایا جا رہا ہے ۔ گوادر پورٹ پر کام کیلئے موجودہ حکومت کے دور میں تیزی آئی ہے ۔