لاہور: قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ محمد عامر اگر سلیکٹرز کو متاثر نہیں کریں گے تو کیسے کھیلیں گے؟ وسیم خان کیساتھ ملاقات کے بعد ان کی مرضی ہے کہ وہ کرکٹ کھیلیں یا ریٹائرمنٹ لیں، لیکن وہ اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو متاثر کریں کے تو ٹیم کے دروزاے ان کے لئے کھلے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ڈربی سے ورچوئل پریس کانفرنس کے ذریعے کی۔ وقار یونس نے بتایا کہ انھیں قطعی اس بات کا علم نہیں ہے کہ محمد عامر کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے کوئی ملاقات ہوئی ہے، مجھے تو خبروں کے ذریعے اس کا پتا چلا۔
ان کا کہنا تھا کہ وسیم خان کی مرضی ہے کہ وہ جس سے چاہیں ملاقات کریں، وہ پی سی بی کے بڑے ہیں۔ ان کیساتھ اب یہ محمد عامر پر منحصر ہے کہ وہ کرکٹ کو الوداع کہیں یا اس کھیل کو جاری رکھیں۔
Pakistan bowling coach Waqar Younis interacts with mediahttps://t.co/AdN2u58HoG
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) July 5, 2021
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ محمد عامر اپنی کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کو متاثر کریں تو اچھی بات ہے، اسی صورت میں کرکٹ ٹیم کے دروازے ان کیلئے کھلے ہیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کر پائیں گے تو کیسے کھیل سکیں گے؟
انہوں نے بظاہر وسیم خان اور محمد عامر کی ملاقات پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے من پسند کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا، یہ بین الاقوامی کرکٹ ہے کوئی فرنچائز ٹیم کا معاملہ نہیں ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ باؤلنگ اٹیک کم بیک کرے گا، ہمیں اپنے گیند بازوں سے بہت توقعات وابستہ ہیں، وہ انگلینڈ میں اچھا کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔