آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا

05:16 PM, 6 Jul, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کو پکڑیں یا سبسڈی دیں اور غریب کو سستا آٹا فراہم کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر حال میں آٹے کی قیمت پرانی سطح پر بحال کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑا ایکشن لے لیا گیا ہے۔ ٹائیگر فورس رضا کاروں کی خفیہ اطلاعات پر پنجاب میں چھاپے مار کر 16 ہزار ٹن سے زائد ذخیرہ کی گئی چینی برآمد کر لی گئی ہے۔

برآمد کی گئی چینی کی قیمت 1.1 ارب روپے ہے۔ چینی شوگر ملوں اور پرائیویٹ مافیا نے سٹور کر رکھی تھی۔ ضبط کی گئی چینی مارکیٹ ریٹ کے مطابق بیچی جائے گی۔

اس کے علاوہ آٹے کا 716 ٹن غیر قانونی ذخیرہ بھی پکڑا گیا ہے جس کی مالیت 28 ملین روپے بتائی جا رہی ہے جبکہ 2 ہزار ٹن ذخیرہ کئے گئے چاول اور دیگر مصالحہ جات بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔

ذخیرہ شدہ چاول کی مالیت 330 ملین روپے ہے۔ بڑے کریک ڈاؤن میں 2 ارب روہے سے زائد کا سامان برآمد کیا گیا۔ پنجاب حکومت نے سامان تحویل میں لے لیا ہے جسے اب مارکیٹ ریٹ پر فروخت کیا جائے گا۔

چھاپوں اور برآمد شدہ سامان کی تفصیل سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے بروقت کارروائی پر پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری اور انتظامیہ کو شاباش دی ہے۔

مزیدخبریں