اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ملتوی کرکے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کرائی گئی تو سوال جنم لیں گے۔
یوٹیوب چینل پر اپنے پیغام میں 50 سالہ سابق بلے باز نے کہا کہ اگرایک ملک لاک ڈاؤن میں آئی پی ایل کرا سکتا ہے تو ورلڈ ٹی ٹونٹی کیوں نہیں ہوسکتا، آئی سی سی ایونٹ اور سیریزکی جگہ پرائیویٹ لیگ کو ترجیح دی گئی تو کرکٹ کو نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مل کرمیزبانی کریں تو ممکن ہوسکتا ہے لیکن پرائیوٹ لیگ کو انٹرنیشنل کرکٹ پرفوقیت نہیں دینی چاہیے اور پرائیویٹ لیگ کوفوقیت دینے کا تاثر بھی نقصان دہ ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کی تاریخوں پر بھی اعتراضات شروع ہوگئے ہیں، آئی سی سی اور اے سی سی انٹرنیشنل کرکٹ کو اہمیت دے کیونکہ تھوڑے مفاد کے لیے بعد کے نقصانات زیادہ ہوتے ہیں لہٰذا سارے کرکٹ بورڈ کو مل کر اس بار ے میں سوچنا چاہیے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔