راولپنڈی: پٹرولیم کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ موسم سرما میں ملک میں گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔انہوں نے راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ43 سال میں چار لاکھ گیس کنکشن دیئے گئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سال میں 20 لاکھ گیس کنکشن دیئے ۔
انہوں نے کہا کہ گیس کنکشن صرف میرٹ کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں 11 ہزار میگاواٹ پیداواری گنجائش کے بجلی کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ جلد ختم ہو جائے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ اور موثر پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں اور کئی ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دنیا پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں