مخالفین سے سیاسی میدان میں نمٹ لیں گے ،وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

05:25 PM, 6 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

دوشنبہ: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ  ان کے دور میں کرپشن کا  کو ئی کیس نہیں  تو پھر کس بات کا احتساب ہو رہا ہے۔میں  نے اور مریم  نے جے آئی ٹی سے پوچھا کہ ان پر کیا الزام ہے یہ  ہی بتا دیں ۔

وزیراعظم نوا زشریف تاجکستان کے دورے پر ہیں،  انہوں نے کاسا 1000 منصوبے کے حوالے سے چار ملکی اجلاس میں شرکت کی۔

میاں نواز شریف نے مزید  کہا کہ  ایٹمی بٹن دبانے والے وزیراعظم  کا احتساب کیا جا رہا ہے۔  جنھوں نے دھرنا دیا وہ اس وقت بھی سازشیں کر رہے تھے  اب بھی سازشیں کر رہے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ  مخالفین پہلے بھی ناکام ہوئے  اب بھی ناکام ہوں گے، ان سے سیاسی میدان میں نمٹ لیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  سیاسی عدم استحکام سے  معیشت کو نقصان ہو رہا ہے ، ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا اور اسٹاک مارکیٹ میں مندی ہوئی ہے ۔انہوں نے یہ باتیں  اپنے ساتھ طیارے میں موجود صحافیوں سے کیں ۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کی تھی جبکہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی یکجہتی کے لیے اسٹریٹجک تعاون کی جانب سفر کے عنوان سے ایک مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے تھے۔

مزیدخبریں