مظفرآباد : آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس مظفرآبادڈویژن کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 10جولائی کو مجاہد اول کی برسی کے حوالہ سے اور 19جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے جلسہ کے حوالہ سے مشاورت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنمائوں سابق وزراء کرام پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی،دیوان علی خان چغتائی،شمیم علی ملک،راجہ ثاقب مجید،میر عتیق الرحمن،ودیگر نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن 10جولائی کو مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی برسی میں بھر پور شرکت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجاہد اول نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کی آج اگر ہم آزادی کا ساتھ لے رہے ہیں تو یہ مجاہد اول اور ہمارے اسلاف کی مرہون منت ہے۔مجاہد اول جیسے قومی ہیرو کشمیریوں کے محسن ہیں 10جولائی کو مجاہد اول کی برسی پر مظفرآباد ڈویژن سمیت آزاد کشمیر سے کانفرنسی کارکنان شرکت کریں گے۔مجاہد اول عالم اسلام کے ہیرو کشمیریوں کے لیے مجاہد اول کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔حکومت آزاد کشمیر کو 10جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کرنا چاہیے اور مجاہد اول کی برسی کی تقریبات سرکاری طور پر منانی چاہئیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ہر سال کی طرح اس مرتبہ یوم الحاق پاکستان شایان شان طریقے سے منا رہی ہے19جولائی کو مظفرآباد میں جلسہ عام منعقد ہو گا جس کی تیاریوں کا آغار کر دیا گیا ہے ،مسلم کانفرنس کے تمام ڈویژنل،ضلع،سٹی،یوتھ ونگ،ایم ایس ایف اور دیگر تنظیموں کو کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ 19جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپر اڈا میں منعقد ہونے والے جلسہ کو کامیاب کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں۔