اسلام آباد: عمران خان نااہلی کیس میں کپتان کی سابق اہلیہ جمائمہ کی طرف سے بھیجے گئے اضافی دستاویزی ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کروادیے گئے۔ اضافی دستاویزات میں بنی گالہ کی پراپرٹی خریدنے کے لئے جمائمہ سے راشد علی خان کو دی جانے والی رقم کی تفصیلات شامل ہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہےکہ جمائمہ خان نے راشد خان کو چار کروڑ 84 لاکھ 48 ہزارر وپے اقساط میں ٹرانسفر کیے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک کمائی گئی آمدن پر نہ ٹیکس لاگو ہوتا ہے نہ ہی پاکستان میں ظاہر کرنا ضروری ہے۔
جواب میں بتایا گیا ہے کہ جمائمہ سے رقم ادھار لے کر پاکستان بھجوائی گئی اور عمران خان نے بنی گالہ کی ایڈوانس رقم خود جمع کروائی جبکہ 2002 کے کاغذات نامزدگی میں ادا کی گئی رقم کو ظاہر بھی کیا گیا۔
عمران خان نے لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کو کسی بھی قسم کا ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار ہے۔ ادھر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ گیارہ جولائی کو عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں