ممبئی: کپل شرما کے شو کا شمار کچھ عرصہ پہلے تک بھارت کے پسندیدہ ترین شوز میں ہوتا تھا اور شو نے مقبولیت میں باقی تمام پروگرامز کو پیچھے چھوڑ دیا تھا لیکن رواں سال اپریل میں کپل اور سنیل گروور کے درمیان جہاز میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے نے شو کی مقبولیت کا گراف نیچے گرا دیا تاہم کپل کی کڑی محنت اور کوششوں کے بعد شو دوبارہ مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا لیکن ایک بار پھر ان کا شو مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں شو میں بھارتی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے اہم رکن کمار وشواس، مشہور بھارتی شاعرہ شبینہ ادیب اور ڈاکٹر راحت ایندوری مدعو تھے۔
اس دوران شو کو مزیدار بنانے کیلئے کمار وشواس نے خواتین کے خلاف مذاق میں چند نازیبا کلمات کہنے شروع کرد ئیے جس کے باعث شو میں موجود خواتین کی سخت دل آزاری ہوئی۔ کمار وشواس کے اس عمل نے بھارتی خواتین کو مشتعل کر دیا اور وہ ان کے خلاف میدان میں اتر آئیں۔
بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کمار وشواس کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروا دی ہے اور انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی انہوں نے کپل شرما کے شو پر بھی کڑی تنقید کی کہ انہیں سوچ سمجھ کر مہمانوں کو شو میں مدعو کرنا چاہئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں