عمران خان کی باری پر ادارے مفلوج کیوں ہو جاتے ہیں: دانیال عزیز

10:22 AM, 6 Jul, 2017

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے عمران خان کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے اور تین سال سے ان کے گھر پر اشتہار چسپاں ہیں ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ان کی جائیداد فوری قرق کی جائے یہ کیسا پاکستان ہے جو عمران خان قوم کو دکھا رہے ہیں۔

دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے متعدد بار حکومتی اداروں کی تذلیل کی ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں مگر بار بار طلبی کے باوجود وہ عدالتوں میں حاضر نہیں ہو رہے ۔

دانیال عزیز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے ساتھ انتہائی خراب رویہ رکھا جبکہ بیرونی فنڈنگ کیس کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا جا رہا۔ یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ عمران خان کی باری پر ادارے مفلوج کیوں ہو جاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا عمران خان روز پریس کانفرنس کرتے ہیں سب کو معلوم ہیں وہ کہاں ہیں اور پارا چنار میں ایک اشتہاری کو کیسے پروٹوکول دیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ آئینی ادارے عمران خان کے رویے کا نوٹس لے کر انکے خلاف کارروائی کریں کیونکہ انہوں نے سرکاری ٹی وی،وزیراعظم ہاؤس کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر، الیکشن کمیشن اور عدالتوں کو بُرابھلا کہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں