پشاور: پشاور کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں سابق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کرم جاوید محسود کا کامیاب آپریشن کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی ران کی ہڈی جوڑی اور ان کے جسم میں موجود تین گولیوں کا علاج شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، جاوید محسود کے جسم میں ایک گولی کندھے، دوسری پیٹ اور تیسری ٹانگ میں لگی ہے۔ ابھی تک ان کی جسم سے گولیاں نکالی نہیں گئی ہیں، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا ہے۔
جاوید محسود ایک رات قبل جرگہ ممبران سے ملاقات کر کے قافلے کی روانگی کے لیے تیار ہو گئے تھے۔ ان کی ملاقات کے بعد، جرگہ ممبران کی رضامندی سے قافلے کو بارہ بجے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وہ دو ناراض عمائدین کو منانے اور روڈ کھلوانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ جاوید محسود جب صدا سے چھپری واپس آ رہے تھے، تو بگن چوک کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ گاڑی کا ڈرائیور فوراً واپسی کے لیے گاڑی کا رخ موڑنے کی کوشش کرتا ہے، تاہم اس دوران جاوید محسود کو گولیاں لگ گئیں۔
واقعے کے بعد انہیں فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا، جہاں ان کا کامیاب آپریشن کیا گیا اور وہ اب خطرے سے باہر ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے اور علاج جاری ہے