کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پاکستان 478 رنز پر آل آؤٹ، جنوبی افریقہ کو 58 رنز کا ہدف

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پاکستان 478 رنز پر آل آؤٹ، جنوبی افریقہ کو 58 رنز کا ہدف

کیپ ٹاؤن: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 478 رنز بنا کر اپنی بیٹنگ کا اختتام کیا اور جنوبی افریقہ کو جیتنے کے لیے 58 رنز کا ہدف دے دیا۔

چوتھے دن کے آغاز پر پاکستان کے کپتان شان مسعود اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے۔ اس دوران پاکستان کا سکور 235 رنز تک پہنچا تو خرم شہزاد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جب کہ کامران غلام بھی 28 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

کپتان شان مسعود کا ساتھ چوتھی وکٹ پر سعود شکیل نے دیا، اور دونوں کے درمیان 51 رنز کی شراکت بنی۔ تاہم، 329 رنز کے مجموعے پر سعود شکیل کگیسو ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسی سکور پر شان مسعود بھی 145 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

چھٹی وکٹ پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے درمیان 88 رنز کی اہم شراکت ہوئی، جس نے پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔ محمد رضوان 41 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد پاکستان کی ٹیم 478 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، جس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کو 58 رنز کا ہدف دیا۔

جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن اور کگیسو ربادا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کیشو مہاراج اور کوینا ماپھاکا نے ایک ایک وکٹ لی۔پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں 451 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ اوپنرز شان مسعود اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، بابر اعظم 81 رنز بنا کر مارکو یانسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس سے پہلے پاکستان کی پہلی اننگز صرف 194 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی، جس کے بعد وہ فالو آن کا شکار ہو گئے۔جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز پر آل آؤٹ ہو کر پاکستان کو ایک بڑا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے رین ریکلٹن نے ڈبل سنچری اسکور کی، جب کہ ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے بھی سنچریاں بنائیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

مصنف کے بارے میں