ٹوکیو: جاپان کی مشہور ٹویوسو فش مارکیٹ میں 276 کلوگرام وزنی بلیو فِن ٹونا مچھلی 36 کروڑ 89 لاکھ پاکستانی روپے (13 لاکھ 23 ہزار ڈالر) میں نیلام ہو گئی۔
یہ ٹونا مچھلی 20 کروڑ 7 لاکھ ین میں بیچی گئی، جسے میچلِن اسٹارڈ سوشی ریسٹورانٹس کے اونوڈیرا گروپ اور ہول سیلر یامایوکی نے خریدا۔ یہ رقم جاپان کی سالانہ افتتاحی آکشن میں ٹونا مچھلی کے لیے ادا کی جانے والی دوسری سب سے بڑی قیمت ہے، اور اونوڈیرا گروپ نے پانچویں سال بھی سب سے بڑی بولی جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹونا مچھلی کے لیے سب سے بڑی قیمت کا ریکارڈ 2019 میں کیوشی کِمورا کے پاس ہے، جنہوں نے 278 کلوگرام وزنی ٹونا کے لیے 33 کروڑ 50 لاکھ ین (تقریباً 32 کروڑ پاکستانی روپے) ادا کیے تھے۔
اونوڈیرا گروپ کا کہنا ہے کہ یہ ٹونا مچھلی جاپان کے مختلف ریسٹورانٹس میں سرو کی جائے گی، جہاں اس کی بہت زیادہ طلب ہے۔