بھٹو کو نہیں، پاکستان کے مستقبل کو پھانسی دی گئی:شرجیل میمن

بھٹو کو نہیں، پاکستان کے مستقبل کو پھانسی دی گئی:شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو کو نہیں، بلکہ پاکستان کے مستقبل کو پھانسی دی گئی تھی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پر جتنی بات کی جائے، کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو کی قیادت میں جو پاکستان کے آئین اور قانون کی بنیاد رکھی گئی، وہ آج تک ملک کی سیاسی اور سماجی زندگی کی بنیاد ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اگرچہ ہم بھٹو کے وژن تک مکمل طور پر نہیں پہنچ سکے، لیکن جب بھی اصلاحات کی بات کی جائے گی، اس میں بھٹو کے فلسفے کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کی ترقی کے لیے عملی کام کیے ہیں، اور دوسری جماعتوں سے اس معاملے میں پیچھے نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو توڑنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، اور کئی بار ڈکٹیٹروں نے آئین کی خلاف ورزی کی، مگر بھٹو ہی تھے جنہوں نے آئین کی پاسداری کی اور ملک کو جمہوریت کی راہ دکھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج بھی بھٹو جیسی کوئی شخصیت نہیں آئی، جو ملک کے لیے اتنی موثر اور دور رس اقدامات کر سکے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ بھٹو کی شخصیت کے اثرات آج بھی پاکستان میں محسوس کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں تعلیم کے حوالے سے کہا کہ ایک وقت تھا جب بیرونِ ملک سے لوگ یہاں تعلیم حاصل کرنے آتے تھے، لیکن بعد میں جان بوجھ کر نفرت انگیز سیاست کو پروان چڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھٹو کو منصفانہ ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ بھٹو نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور آج بھی ان کی کامیاب پالیسیوں کو سیاستدان اپنے جلسوں میں مثال کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاستدانوں اور بھٹو شہید میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں کام کیا اور بھٹو کی محنت کی بدولت شملہ معاہدہ ہوا جس سے 90 ہزار پاکستانی فوجی رہا ہوئے۔

آخر میں، شرجیل میمن نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کی سالمیت کے خلاف سودے بازی کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ کبھی بھی قوم کے رہنما نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک کے لیے سنجیدہ کام کیے ہیں۔

مصنف کے بارے میں